ایف ڈی ای کا طلبہ کیلئے کیریئر کونسلنگ پروگرام

ایف ڈی ای کا طلبہ کیلئے کیریئر کونسلنگ پروگرام

آٹھویں سے بی ایس طلبہ کو مرحلہ وار کیریئر گائیڈنس فراہم کرنے کا اعلان

ملتان (خصوصی رپورٹر)فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے ملتان سمیت ملک بھر میں آٹھویں جماعت سے بی ایس سطح تک کے طلبہ کے لئے جامع کیریئر کونسلنگ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ فیصلوں میں بروقت اور درست رہنمائی فراہم کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق پروگرام کے تحت طلبہ کو باقاعدہ کیریئر گائیڈنس سروسز مہیا کی جائیں گی، جبکہ پیشہ ورانہ کونسلنگ خدمات کی فراہمی کے لئے متعلقہ کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ معاہدہ بھی طے پا گیا ہے ۔ ماہرین طلبہ کی رہنمائی جدید تقاضوں کے مطابق کریں گے تاکہ وہ مستقبل کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

پروگرام کے دوران نفسیاتی اور تشخیصی ٹولز کے ذریعے طلبہ کی دلچسپیوں، رجحانات اور صلاحیتوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ اس بنیاد پر طلبہ کو ان کی قابلیت اور مزاج کے مطابق تعلیمی شعبوں اور پیشہ ورانہ راستوں کے انتخاب میں مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم، ملکی و غیر ملکی وظائف، تکنیکی تعلیم اور مختلف پیشہ ورانہ کیریئر کے مواقع سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔حکام کے مطابق کیریئر کونسلنگ کی یہ خدمات دو سالہ مدت میں مرحلہ وار فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کی مؤثر عمل درآمد کے لئے ایف ڈی ای کے ماسٹر ٹرینرز کے ایک گروپ کو خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی بہتر رہنمائی کر سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں