ریلوے میں ڈرائیورز کی کمی، بھرتی مہم شروع کرنیکا فیصلہ
ملتان سمیت ملک بھر میں 417اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور بھرتی کئے جائینگے
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان سمیت ملک بھر کے ریلوے ڈویژنوں میں ٹرین ڈرائیورز کی کمی کے باعث ریلوے آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے ، جس پر قابو پانے کے لئے پاکستان ریلوے نے بڑے پیمانے پر بھرتی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشن کو مؤثر اور بروقت بنانے کیلئے مجموعی طور پر 417اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورز بھرتی کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 182 آسامیاں کراچی ڈویژن کے لئے مختص کی گئی ہیں، جبکہ سکھر ڈویژن میں 66، ملتان میں 51، پشاور میں 33، راولپنڈی میں 30، کوئٹہ میں 29اور لاہور ڈویژن میں 26نشستیں رکھی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ڈویژنوں میں ڈرائیورز کی کمی کے باعث ٹرینوں کی بروقت آمد و روانگی متاثر ہو رہی تھی، جسے دور کرنے کے لئے یہ اقدام ناگزیر ہو چکا تھا۔
اہل امیدواروں کے لئے کم از کم میٹرک پاس ہونا اور تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ مکینیکل، الیکٹریکل، آئی ٹی یا آٹوموبائل ٹیکنالوجی میں ڈپلومہ رکھنے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔کوٹہ پالیسی کے تحت 60 فیصد آسامیاں اوپن میرٹ پر پُر کی جائیں گی، جبکہ ریلوے ملازمین کے بچوں کیلئے 20 فیصد اور سابق فوجیوں کے لئے 10 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتوں کیلئے 5 فیصد اور یتیم امیدواروں کیلئے بھی 5 فیصد نشستیں رکھی گئی ہیں۔