تعلیم یافتہ معاشرہ ریاست کیلئے بڑا چیلنج،ملک احمد خان
ملک میں اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر، ناخواندگی سنجیدہ قومی مسئلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ، کیونکہ اس وقت بھی ملک میں اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے آبادی کے تناسب سے تعلیم سے محروم بچوں کے اعداد و شمار تقریباً یکساں چلے آ رہے ہیں، جو ایک سنجیدہ قومی مسئلہ ہے ۔وہ ملتان میں ٹائمز یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025ء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر اختر ملک، شیخ طاہر رشید، عبدالغفار ڈوگر، جاوید انصاری اور شہر کے معززین سردار مظفر محمود سیال، چودھری ذوالفقار انجم، سرفراز مظفر اور محمد اسلم شاد سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ تعلیم کے شعبے کے لئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں اور تعلیمی بجٹ کو 17 ارب روپے سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے اخراجات کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ نجی ادارے فی طالب علم ہفتہ وار 10 سے 60 ہزار روپے خرچ کرتے ہیں، جبکہ سرکاری اداروں میں جہاں 97 فیصد بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، وہاں سالانہ فی طالب علم صرف 25 سے 30ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں۔ملک احمد خان نے کہا کہ ایسے حالات میں سرکاری اداروں کے طلبہ کا نجی اداروں کے طلبہ سے مقابلہ مشکل ہو جاتا ہے ، اس لئے نجی تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ تعلیمی مساوات کے فروغ کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔