جامعات میں انفرادی مضامین میں داخلے کی اجازت
موجودہ نظام کی بجائے زیادہ لچکدار تعلیمی ڈھانچے کی ضرورت، شرکاء
ملتان (خصوصی رپورٹر)یونیورسٹیوں کو انفرادی مضامین کی بنیاد پر داخلے دینے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیٹی (آئی بی سی سی)نے قومی سطح کے اہم تعلیمی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی سطح پر سبجیکٹ گروپس کی درجہ بندی سے متعلق درپیش مسائل پر غور کیلئے اپنے سیکرٹریٹ میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔اجلاس میں موجودہ تعلیمی نظام میں طلبہ کو پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی بحث کی گئی، بالخصوص ان طلبہ کے مسائل اجاگر کئے گئے جو زیادہ تر سائنسی مضامین مکمل کرنے کے باوجود ہیومینٹیز کے مساوی گروپس میں شامل کر دیئے جاتے ہیں، جس کے باعث انہیں اعلیٰ تعلیم میں داخلوں کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔