وہاڑی شہر کے بڑے علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے
صفائی کا کوئی مؤثر اور مستقل انتظام موجود نہیں، امراض پھیلنے کا خدشہ
وہاڑی(خبرنگار )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب پر مقامی انتظامیہ کی غفلت کے باعث عملدرآمد متاثر ہونے لگا ،وہاڑی شہر کی آبادی کے بڑے علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ۔شہریوں شہباز احمد، تاج محمد، احمد رفاقت، علی عطاء، محمد وقار، فہیم فیاض، حاجی اسلم، محمد اکرم اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں گاؤں گاؤں، گلی گلی صفائی کا عمل جاری ہے مگر وہاڑی شہر کی آبادی کے بڑے علاقوں رحمانیہ کالونی، عثمان آباد اور پیپلز کالونی وائی بلاک اور زیڈ بلاک میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، صفائی کا کوئی مؤثر اور مستقل انتظام موجود نہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں مزدور طبقے کی اکثریت ہے جس کے باعث کوئی پوچھنے والا نہیں، گندگی کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ، شہریوں نے میڈیا کے ذریعے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔