سردی میں اضافہ‘ انڈوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں
30روپے کا انڈا 40روپے تک فروخت، شہری پریشان،نوٹس کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)سرد موسم کے آغاز کیساتھ ہی انڈوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔ 30روپے میں فروخت ہونیوالا انڈا اب 35 سے 40روپے میں دستیاب ہے جبکہ ایک درجن کے نرخ 350روپے سے بڑھ کر 420 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔دیسی انڈے بھی 45سے 50روپے فی عدد فروخت ہونے لگے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں طلب میں اضافہ ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے اور وہ بھی مہنگا داموں خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈے سمیت دیگر ضروری اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتیں زندگی گزارنا مشکل بنا رہی ہیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ضروری سامان کی قیمتوں پر قابو پایا جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے ۔