خانیوال ہسپتال،گائنی وارڈ میں سہولتیں بہتر کرنیکی ہدایت
ڈی سی ملیحہ رشید کا دورہ، ڈاکٹرز کی حاضری ،ادویات کے ریکارڈ کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور گائنی وارڈ میں طبی سہولتوں، ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مریضوں سے مفت سرکاری ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی استفسار کیا گیا۔گائنی وارڈ میں طبی سہولتوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر عمارہ کو مزید ادویات کی خریداری کے لیے ورک آرڈر کی تیاری کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں ہسپتال کی بیرونی دیوار کا بھی معائنہ کیا گیا اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے گا اور ضلع کے تمام سرکاری ہسپتال ضلعی انتظامیہ کے ریڈار پر ہیں۔
اسی دوران ڈپٹی کمشنر نے شہر میں زیر تعمیر سڑکوں کا بھی معائنہ کیا، جن میں مکی مسجد تا غریب نواز روڈ اور بلالی مسجد تا نور مسجد روڈ شامل ہیں۔ انہوں نے زیر استعمال میٹریل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہر کی تمام شاہراہوں کو تجاوزات سے کلیئر کرایا جائے گا اور گرین بیلٹس کو بحال کرکے بیوٹیکیشن پلان پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ عوام جلد نمایاں تبدیلی محسوس کریں۔