شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس خراب ، وارداتوں ،میں اضافہ ، شہری سراپا احتجاج

 شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس خراب ، وارداتوں ،میں اضافہ ، شہری سراپا احتجاج

شام ہوتے ہی شہر اندھیرے میں ڈوب جاتا،گلگشت،نواں شہر، ممتاز آباد، رشید آباد، ایم ڈی اے ، سورج میانی ، چوک شہیداں، اندرون شہر کے شہری مشکلات کا شکار

ملتان(کورٹ رپورٹر)شہر میں خراب سٹریٹ لائٹس ضلعی انتظامیہ سے ٹھیک نہ ہو سکیں۔ شہر میں سینکڑوں کے حساب سے سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث بیشتر علاقے رات کو اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں۔شہر میں عرصہ دراز سے مختلف علاقوں میں لگی بیشتر سٹریٹ لائٹس خراب ہیں جن کو انتظامی سستی کے باعث نہ ہی تبدیل کیا جا سکا اور نہ ہی کبھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان خراب سٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات کئے گئے ۔سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں چوری ڈکیتی اور سنیچنگ کی وارداتیں بڑھ گئیں ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ان خراب سٹریٹ لائٹس کو آج تک ٹھیک نہیں کیا جا سکا۔

گلگشت ،نواں شہر،ممتازآباد،رشید آباد ،ایم ڈی اے سورج میانی ،چوک شہیداں اور اندرون شہر کے بیشتر علاقے رات کو سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں۔انتظامیہ کی سستی اور نا اہلی کے باعث کوئی بھی محکمہ ان خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہا ہے ۔ڈپٹی کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ کی پوری فوج ظفر موج صرف بند کمروں میں اجلاس کے بعد سب اچھا ہے کی رپورٹ کاغذوں میں لکھ کر گھروں کو لوٹ جاتے ہیں جبکہ عملی طور پر شہر میں بنیادی ضرورت سٹریٹ لائٹس کو آج تک ٹھیک نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے لاکھوں کی آبادی سخت اذیت میں مبتلا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں