کوٹ ادو میں مارکیٹوں کا اچانک معائنہ، تجاوزات پر وارننگ
اے سی کا مجسٹریٹ اختیارات کے تحت دورہ، نرخناموں اور صفائی کی جانچ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو میر رومان خلیل نے مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد تجاوزات کے خاتمے ، صفائی ستھرائی کی صورتحال، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لینا تھا۔اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل نے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا اور دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اشیاء مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کریں اور بازاروں میں تجاوزات سے فوری گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔معائنے کے دوران صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر متعلقہ عملے کو فوری بہتری کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ بازاروں میں صفائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی غفلت یا بے ضابطگی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔