تھانہ جہانیاں میں ٹاؤٹ مافیا کا راج ،انصاف کا حصول مشکل

تھانہ جہانیاں میں ٹاؤٹ مافیا کا راج ،انصاف کا حصول مشکل

تفتیش اور ضمنیاں لکھوانے کے لیے شہری ٹاؤٹوں سے رابطے پر مجبور متاثرین کا ڈی پی او خانیوال اور آر پی او ملتان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

جہانیاں (نمائندہ دنیا) تھانہ جہانیاں میں مبینہ طور پر ٹاؤٹ مافیا کے اثر و رسوخ کے باعث سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث تفتیش کرانے اور ضمنیاں حق میں لکھوانے کے لیے شہریوں کو ٹاؤٹوں سے رابطہ کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ متاثرین کے مطابق اس صورتحال نے انصاف کے حصول کو مشکل بنا دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ تھانہ جہانیاں میں ٹاؤٹوں کی باقاعدہ آمد و رفت رہتی ہے اور وہ دن دہاڑے تھانے میں گھومتے نظر آتے ہیں۔ سائلین کے مطابق بعض ٹاؤٹ محرر اور تفتیشی افسران کے کمروں میں بیٹھ کر تفتیشی امور میں مداخلت کرتے ہیں جس سے شفافیت متاثر ہو رہی ہے ۔ الزام لگایا گیا ہے کہ چند تفتیشی افسران ٹاؤٹوں کے ذریعے معاملات طے کر کے تفتیش کو متاثر کرتے ہیں جبکہ سائلین کو بھی یہی ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ ٹاؤٹوں کے ذریعے رابطہ کریں۔متاثرین کے مطابق ٹاؤٹ مافیا نے ریڈ کرانے ، تفتیش آگے بڑھانے اور ضمنیاں حق میں لکھوانے کے مبینہ طور پر ریٹس مقرر کر رکھے ہیں جس سے عام شہری کے لیے قانونی راستے سے انصاف حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ متاثرین نے ڈی پی او خانیوال اور آر پی او ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ جہانیاں کے معاملات کی اعلیٰ سطح پر جانچ کرائی جائے اور ٹاؤٹ مافیا کے خلاف سخت اور شفاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں