خانیوال میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی، وافر سٹاک موجود
تمام تحصیلوں میں 20 کلو آٹا 1810 اور 10 کلو 905 روپے میں دستیاب
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست ویژن کے مطابق ضلع خانیوال میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہے اور شہریوں کو آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے میں دستیاب ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس رانا محمد سلیم حنیف کے ہمراہ گندم اور آٹے کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گندم کے سٹاک اور آٹے کی طلب و رسد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آٹے کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں۔ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پنجاب گندم اور آٹے کی قلت یا اوور چارجنگ برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 15 اپریل تک ضلع میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفیٰ سیہڑ اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر راؤ دلاور نے بھی بریفنگ دی۔