اتائیوں و غیرقانونی میڈیکل سٹورز کیخلاف آپریشن کاحکم
کسی کو انسانی جانوں سے نہیں کھیلنے دیں گے ، بلاامتیاز کارروائی کریں،ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے ضلع بھر میں اتائیوں اور بلا اجازت میڈیکل سٹورز چلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 23 کیسز کی سماعت کی گئی جن میں اتائیت کے 5 کیسز ڈرگ کورٹ بھجوا دیے گئے ، 16 کیسز میں وارننگ جاری کرنے جبکہ 2 کیسز آئندہ سماعت کے لیے ملتوی کرنے کی منظوری دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ ممنوعہ اور بلا اجازت ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف محمود، سیکرٹری بورڈ اور ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اتائیوں کے خاتمے کے لیے مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔