پنک گیمز 2026، انڈر 21 طالبات کے ٹرائلز شروع

پنک گیمز 2026، انڈر 21 طالبات کے ٹرائلز شروع

فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ میں میرٹ پر باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب

مونڈکا (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی پروگرام کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کے تحت انڈر 21 طالبات کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ میں کر دیا گیا۔ پہلے روز ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی معیت میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے پی پی 271 سردار عون حمید ڈوگر اور ایم پی اے پی پی 268 سردار اجمل خان چانڈیہ نے فیصل سٹیڈیم کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور پنک گیمز 2026 کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے عوامی نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف درجن سے زائد کھیلوں میں طالبات کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر کیا جا رہا ہے ، تاکہ باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شفاف ٹرائلز، سہولیات اور محفوظ ماحول کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ایم پی ایز نے پنک گیمز کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خواتین کے نمایاں کردار کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں اور آئندہ بھی خواتین کے لیے مزید خصوصی پروگرام لانچ کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دینِ اسلام میں خواتین کی تعلیم اور کھیلوں سمیت زندگی کے کسی بھی شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے پر کوئی قدغن نہیں، بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں