نشتر ہسپتال :مریض کے ساتھ ریکارڈ ٹمپرنگ کا انکشاف
وارڈ 21کے ڈاکٹرز کی مبینہ غلط کارروائی پر انکوائری شروع کردی گئی
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال کے ہڈی جوڑ وارڈز میں مریضوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ وارڈ نمبر 21میں 12 جنوری کو داخل کئے گئے مریض مہران کو15 جنوری کو دوبارہ ایمرجنسی لایا گیا، تاہم اس بار ایمرجنسی میں مریض کی سلپ کنیز کے نام سے بنائی گئی اور فوری طور پر آپریشن کر دیا گیا۔اس معاملے کی رپورٹ ڈی ایم ایس ایمرجنسی نے ڈائریکٹر ایمرجنسی کو پیش کی، جس میں اس واقعے کو سراسر ڈیوٹی ڈاکٹرز کی جانب سے ریکارڈ ٹمپرنگ اور فراڈ قرار دیا گیا۔ اس کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق وارڈ نمبر 21 کے کچھ ڈاکٹرز اس معاملے میں ملوث پائے گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔