غیر قانونی پٹرول پمپس کیخلاف گرینڈ آپریشن
جلال پور پیروالا ملحقہ تحصیلوں میں 9غیر قانونی پٹرول پمپس سربمہرذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں تیز، گرانفروشوں کو 25لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور پیمانے میں گڑبڑ کرنے والے پمپ مالکان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو معیاری اور مکمل مقدار میں پٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے مختلف تحصیلوں میں اچانک انسپکشنز کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والا مکرم سلطان نے اپنی تحصیلوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 پٹرول پمپس کو سربمہر کر دیا۔ کارروائی کے دوران متعدد پمپس پر K-فارم کی عدم دستیابی اور پیمانے میں کمی ثابت ہونے پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ کسی قسم کی دھوکہ دہی برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ بھی اچانک چھاپے اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
نعمان صدیق کی ہدایت پر ضلع بھر میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے ماہ رمضان المبارک کے پہلے 9 روز میں گراں فروشوں کو 25 لاکھ 70 ہزار سے زائد جرمانہ عائد کئے جبکہ 27 افراد کو پرائس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 22 ہزار سے زائد مقامات پر پرائس چیکنگ کی اور سرکاری ریٹس کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا اس موقع پر پہلے 9 روز میں 5 مقدمات بھی درج کرائے گئے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں قائم خصوصی ٹیموں نے سبزی منڈی اور غلہ منڈی میں انسپکشن کرکے مارکیٹس تک سستی اشیائخوردونوش کی فراہمی بھی یقینی بنائی۔