رمضان : پہلے عشرے میں پھل سبزی مہنگے داموں فروخت
دکاندار من مانے نرخ وصول کرنے لگے ،شہریوں کا شدید احتجاج، کارروائی کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) رمضان کے پہلے عشرے میں نورشاہ تلائی میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس سے غریب و متوسط طبقہ شدید پریشان ہے ۔ شہریوں نعیم وڈانی، آصف صادق، فاروق احمد، ارشد سمرا، ارشاد درزی اور ملک مشتاق کے مطابق سیب، کیلا، مالٹا، خربوزہ، تربوز کے ساتھ آلو، پیاز، ٹماٹر، بھنڈی، کریلا، توری، گوبھی اور ہری مرچ جیسی سبزیوں کی قیمتیں اچانک بڑھا دی گئی ہیں، جس سے افطار اور سحری کا دسترخوان مشکل سے سج رہا ہے ۔شہریوں نے بتایا کہ شہر سے 8 کلومیٹر دوری کی وجہ سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ باقاعدہ مارکیٹ چیکنگ نہیں کرتے ، جس کا فائدہ اٹھا کر بعض دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے ، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹس کو باقاعدہ چیکنگ کا پابند بنانے اور نرخنامہ نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ رمضان میں عوام کو ریلیف مل سکے ۔