حکمرانوں نے عید کی خوشیوں کا گلا گھونٹ دیا ،قومی تاجر اتحاد
پٹرولیم قیمتیں بڑھانا عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے مترادف، سلطان محمود
ملتان (لیڈی رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف قومی تاجر اتحاد پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے کی جبکہ نائب صدر شیخ محمد عمر، ملک الطاف لنگاہ، بابا طارق بھٹی اور رانا خرم سمیت تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے مترادف ہے ۔ پرانی قیمت پر خریدا گیا پٹرول اور ڈیزل نئے داموں پر فروخت کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عید کی خوشیوں کا گلا گھونٹ کر عام آدمی کی زندگی مزید دشوار کر دی ہے ، جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے باعث لوگ بھوک اور بے بسی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں کمی کیوں نہیں کی جاتی۔