جماعت ہشتم امتحانات کیلئے طلبہ کو اہم ہدایات جاری
موبائل و الیکٹرانک ڈیوائسز پر پابندی، طلبہ 30 منٹ پہلے پہنچنے کے پابند
ملتان (خصوصی رپورٹر)جماعت ہشتم کے سالانہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لئے تعلیمی حکام کی جانب سے اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق امتحانات کے دوران نظم و ضبط اور شفافیت برقرار رکھنے کے لئے طلبہ کو مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔جاری کردہ ہدایات کے مطابق کسی بھی امیدوار کو امتحانی مرکز میں کیلکولیٹر، موبائل فون، سمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی امیدوار کے پاس ایسی اشیا پائی گئیں تو اس کے خلاف امتحانی قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام امیدوار امتحان شروع ہونے سے کم از کم 30 منٹ قبل اپنے متعلقہ امتحانی مرکز پر پہنچیں تاکہ بروقت حاضری اور دیگر ضروری کارروائی مکمل کی جا سکے ۔ امتحانی مرکز میں داخلے کے لئے امیدواروں کے پاس بی فارم اور رول نمبر سلپ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ، بصورت دیگر انہیں امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مزید ہدایات کے مطابق طلبہ اپنے ساتھ نیلا یا کالا بال پوائنٹ قلم اور کلپ بورڈ لازمی لائیں۔ ریاضی کے پرچے میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لئے جیومیٹری باکس ساتھ لانا بھی ضروری ہوگا تاکہ سوالات کو باآسانی حل کیا جا سکے ۔تعلیمی حکام کے مطابق امیدوار صرف امتحانی عملے کی جانب سے فراہم کردہ جواب نامہ استعمال کریں گے اور اضافی شیٹس فراہم نہیں کی جائیں گی، جبکہ کوئی بھی امیدوار امتحان ختم ہونے سے پہلے امتحانی ہال نہیں چھوڑ سکے گا۔