جے یو آئی کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کا اعلان
55 روپے فی لیٹر اضافہ، غریب عوام کے حقوق کی فوری بحالی کا مطالبہ
ملتان (کرائم رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام ملتان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 55 روپے فی لٹر اضافے پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ عید سے قبل اس اضافے کو غریب عوام سے خوشیاں چھیننے کے مترادف قرار دیا گیا۔جے یو آئی ملتان کے ضلعی امیر مفتی عامر محمود، نور خان ہانس ایڈووکیٹ، حافظ محمد عمر شیخ، مولانا امجد علی ضیاء اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ حکومت نے ایران، امریکا اور اسرائیل کے تنازعہ کو بہانہ بنا کر قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس سے مزید مہنگائی اور اقتصادی بحران پیدا ہوگا۔رہنماؤں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ شاہی پروٹوکول اور شاہانہ اخراجات فوری طور پر ختم کئے جائیں اور غریب عوام کو ریلیف دینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس، عام شہری اور زراعت سے وابستہ شعبے پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات سے شدید متاثر ہیں، اور چھوٹے کاشتکار مہنگی پٹرولیم مصنوعات، کھاد اور بیج کے باعث پریشان ہیں۔جے یو آئی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ قائد مولانا فضل الرحمن اور دیگر قائدین عوام کے حقوق کے لئے ایوانوں کے اندر اور باہر جدوجہد کر رہے ہیں، اور اگر ضرورت ہوئی تو کارکنان عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے ۔