ذخیرہ اندوزی ،فروخت بند کرنے پر دو پٹرول پمپ سیل

ذخیرہ اندوزی ،فروخت بند کرنے پر دو پٹرول پمپ سیل

اے سی کی رات گئے چیکنگ،المعصوم پٹرولیم اوریجنل پٹرولیم سروس شامل

بوریوالا (سٹی رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بوریوالا جواد حسین ملک نے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کی چیکنگ کی اور پٹرول دستیاب ہونے کے باوجود فروخت بند کرنے پر دو پٹرول پمپس سیل کر دئیے ۔ سیل کیے گئے پمپس میں المعصوم پٹرولیم واقع معصوم شاہ روڈ اور اوریجنل پٹرولیم سروس واقع لاہور روڈ بوریوالا شامل ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک نے اس موقع پر کہا کہ کارروائی کا مقصد ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی ہر کوشش کو روکنا اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مچھلی بازار کا بھی دورہ کیا جہاں گوشت، مچھلی اور سبزیاں فروخت کرنے والے دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے کی وارننگ دی جبکہ تجاوزات کے مرتکب متعدد دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔ بعد ازاں انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا وزٹ کیا، سٹاف کی حاضری چیک کی، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا اور ادویات کے سٹاک کی چیکنگ کی۔ اس موقع پر ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کو ہسپتال آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے سہولت بازار کا بھی دورہ کیا جہاں اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور خریداری میں مصروف شہریوں سے بات چیت کر کے ان کے تاثرات معلوم کیے ۔ بعد ازاں انہوں نے تحصیل آفس میں ریونیو کورٹ لگائی اور مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں