گوشت ،پھل ،سبزیاں مہنگی،سرکاری نرخ نظر انداز
سحری اور افطاری کا اہتمام مشکل، ڈی سی وہاڑی مہنگائی کنٹرول کریں، شہری
ماچھیوال (نامہ نگار) ماہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ میں بھی ماچھیوال اور گردونواح میں گوشت، سبزیاں اور پھل سستے نہ ہو سکے اور قیمتیں بدستور بلند رہنے کے باعث عام آدمی کی قوت خرید سے دور ہو گئے ہیں جس سے شہریوں کے لیے سحری اور افطاری کا اہتمام کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مقامی مارکیٹوں میں قصاب سرکاری نرخوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ بڑا گوشت سرکاری ریٹ 900 روپے فی کلو کے بجائے 1200 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ چھوٹا گوشت سرکاری ریٹ 1800 روپے کے بجائے 2200سے 2400روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔ اسی طرح پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ سیب 500 روپے فی کلو، کیلا 250 روپے درجن، کینو 200 روپے فی کلو، سٹرابری 400 روپے فی کلو، امرود 200 روپے فی کلو جبکہ انار 700روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ میں قیمتوں میں کمی کی توقع تھی مگر صورتحال جوں کی توں ہے ۔ سبزیوں اور پھلوں کی مہنگائی نے عام آدمی کو شدید متاثر کیا ہے ۔ شہریوں ولید، افتخار، عارف، قطب الدین اور رحمان سمیت دیگر نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہری رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کا مناسب اہتمام کر سکیں۔