وہاڑی بارکا ڈی سی کے ناروا سلوک کیخلاف احتجاج کا اعلان

وہاڑی بارکا ڈی سی کے ناروا سلوک کیخلاف احتجاج کا اعلان

کل مکمل ہڑتال کافیصلہ ،تمام بار زکے وکلاء عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے

وہاڑی (خبرنگار )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی جانب سے وکلاء کے ساتھ مبینہ ناروا رویے کے خلاف شدید احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کل مکمل ہڑتال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں جاری نوٹس کے مطابق ضلع وہاڑی کی تمام بار ایسوسی ایشنز کے وکلاء عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے اور کسی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے ۔ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کے مبینہ غیر مناسب رویے نے وکلاء برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے جس کے باعث وکلاء نے متفقہ طور پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ نوٹس کے مطابق 9 مارچ کو مکمل ہڑتال ہوگی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بار کے جنرل باڈی اجلاس میں کیا جائے گا۔بار نمائندگان نے خبردار کیا کہ اگر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اپنے رویے میں بہتری نہ لائی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے ۔ وکلاء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری اپنے وقار اور پیشہ ورانہ عزت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور وکلاء کے احترام اور انصاف کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کے صدر راؤ شیراز رضا اور جنرل سیکرٹری مطلوب حسین جوئیہ سمیت دیگر عہدیداران نے تمام وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ 9 مارچ کی مکمل ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں