خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد
مشعل، سائباں، ام القریٰ سمیت تنظیمیں خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سکھائیں گی
خانقاہ شریف (نامہ نگار)عالمی یومِ خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو مشعل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، سائباں ویلفئر آرگنائزیشن، سی ایس زون پرائیویٹ لمیٹڈ، جھوک ورثہ، سرزمین ادبی فورم، ام القریٰ ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر تنظیموں کے زیراہتمام خواتین کی بااختیاری کے حوالے سے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے ۔ان سیمینارز کا مقصد خواتین کو جدید دور کے مطابق آئی ٹی اسکلز سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے بھی باعزت روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ایکسپرٹ خواتین کو ڈیجیٹل سکلز، آن لائن کام کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے تربیت دیں گے ۔منتظمین نے کہا کہ سیمینار خواتین میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کا ذریعہ ہوگا تاکہ وہ معاشرے میں فعال اور مثبت کردار ادا کر سکیں۔