ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس
یوم شہادت حضرت علیؓ، جمعۃ الوداع اور عید سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
بہاولپور (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں یوم شہادت حضرت علیؓ، جمعۃ الوداع اور عیدالفطر 2026 کے موقع پر سکیورٹی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں اور اجتماعات کے لیے فول پروف سکیورٹی، سرویلنس اور صفائی کے انتظامات پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھائی جائے اور سویپنگ و مانیٹرنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے ۔ عیدالفطر کے موقع پر پارکوں میں مکینیکل رائڈز اور جھولوں کی تنصیب پی ایچ اے کی اجازت اور حفاظتی سرٹیفکیٹ سے مشروط قرار دی گئی۔ جنرل بس اسٹینڈ پر سکیورٹی اور اوورچارجنگ کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ضلع میں 414مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔