شہر میں جدید ترین پارک کی جلد تعمیر کا ہدف

شہر میں جدید ترین پارک کی جلد تعمیر کا ہدف

عیدگاہ کے بالمقابل پارک کی تعمیر پر 1کروڑ 60لاکھ لاگت آئے گی، لینڈ سکیپنگ ، واکنگ ٹریک، کثیر تعداد میں پودے لگائے جائیں گے ، کمشنر عامر کریم کا دورہ ، تعمیرات کاجائزہ گرین ایریاز میں اضافہ، شہرکو سرسبز بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح، شہریوں کو خوبصورت تفریح فراہم کی جائے گی ، ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی سید وسیم حسن کی اجلاس کو بریفنگ

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عیدگاہ کے بالمقابل زیر تعمیر پارک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن اور ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارک کی تعمیر پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور شہر کے وسط میں اس مقام پر ایک خوبصورت اور جدید پارک تیار کیا جا رہا ہے جو شہریوں کیلئے خوشگوار ماحول فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں لینڈ سکیپنگ، خوبصورت پودے ، واکنگ ٹریک اور بیٹھنے کی مناسب جگہیں بنائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات میسر آسکیں۔کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ پارک میں لینڈ سکیپ ورک اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ مقام شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ گرین ایریاز میں اضافہ اور شہر کو سرسبز بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور آئندہ بھی شہر میں مزید پارکس قائم کئے جائیں گے ۔اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے بتایا کہ پارک کو جدید اور دیدہ زیب انداز میں تیار کیا جائے گا اور اسے شہریوں کیلئے ایک خوبصورت تفریحی مقام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور گرین ایریاز کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں