فوڈاتھارٹی کے چھاپے ، مضر صحت دودھ مشروبات ضبط بھاری جرمانے
40لٹر جعلی دودھ ،100لٹر زائد المیعاد کولڈ ڈرنکس ضبط، غیر قانونی ملک کولیکشن سنٹر سے 15کلو وے پاؤڈر، 5لٹر آئل ودیگر سامان پکڑ لیا،کارروائیاں جاری رہیں گی، حکام
ملتان (لیڈی رپورٹر)رمضان المبارک میں ناقص خوراک کی روک تھام پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح، بھنڈی جتیرہ درو موڑ کچی پکی میں ملک کولیکشن سنٹر، مترو روڈ میلسی میں کریانہ سٹور کی انسپکشن، 40 لٹر جعلی دودھ مکسچر، 100 لٹر زائدالمیعاد کولڈ ڈرنکس تلف، جعلی دودھ کی تیاری پر ملزم جاوید کیخلاف ایف آئی آر درج، کریانہ سٹور کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد، غیر قانونی ملک کولیکشن سنٹر سے 15 کلو وئے پاؤڈر، 5 لٹر آئل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رمضان المبارک میں غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کیخلاف یکے بعد دیگرے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزم پاؤڈر اور آئل کی ملاوٹ کرکے دودھ نما سفید گاڑھا محلول تیار کر رہے تھے ۔
سفید گاڑھے محلول سے سینکڑوں لٹر جعلی دودھ تیار کرکے مختلف جگہوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام ملاوٹی میٹریل قبضے میں لے کر ملزم جاوید کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی جبکہ سفید محلول موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔اسی طرح ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس برآمد ہونے پر کریانہ سٹور مالک کو بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی دودھ کی تیاری اور فروخت ایک سنگین جرم ہے جس پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوراک سے وابستہ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔