عید پر 473اجتماعات ،1446پولیس افسر ، اہلکار تعینات
ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی ،فلسطین اور ایران کے مسلمانوں کیلئے دعائیں
وہاڑی (خبرنگار) ضلع بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے ، عقیدت اور روحانی فضا کے ساتھ منائی گئی، جہاں ہر طرف خوشیوں، مسکراہٹوں اور محبتوں کی بہار نظر آئی۔ شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں واقع کھلے میدانوں، مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔فیصل پارک، میونسپل کمیٹی گراؤنڈ، دانیوال، لیاقت پورہ، کچی منڈی، پیپلز کالونی اور شرقی کالونی سمیت متعدد مقامات پر بچے ، نوجوان اور بزرگ نئے اور خوبصورت لباس زیب تن کرکے تکبیرات کی پُرسوز صداؤں کے ساتھ نماز عید میں شریک ہوئے ۔ نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے دعائیں کی گئیں جبکہ فلسطین اور ایران کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔سکیورٹی کے حوالے سے ضلعی پولیس نے مثالی انتظامات کیے اور 473 عید اجتماعات کی حفاظت کے لیے 1446 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ، جنہوں نے مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیکر پرامن ماحول کو یقینی بنایا۔ نماز کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی اور خوشیوں کو دوبالا کیا۔