پولیس لائنز میں نماز عید ، افسروں ، جوانوںکی شرکت
عید پرشہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا ،بڑے کھانے کا اہتمام
ملتان (کرائم رپورٹر) جامع مسجد پولیس لائنز ملتان میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل اور سی پی او ملتان صادق علی نے شرکت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز ملتان حیدر علی، ایس ڈی پی او کینٹ ہلار خان چانڈیو اور دیگر افسران بھی نماز میں موجود تھے ۔نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ افسران نے تمام پولیس اہلکاروں اور ملازمین سے عید کی مبارکباد دی اور عوام کو اخوت اور بھائی چارے کا پیغام بھی دیا۔ اس موقع پر شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی قربانیوں کو ملک میں امن کا سبب قرار دیا گیا۔عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پولیس لائنز میں بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی، آر پی او اور سی پی او نے بھی جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا، جس سے بھائی چارے اور یکجہتی کا مظاہرہ ہوا۔ اس موقع پر ماحول خوشگوار اور پرجوش رہا، اور افسران نے اپنی ٹیم کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔