بوریوالا میں پانی کی سپلائی لائنیں سیوریج سے آلودہ
محلہ احاطہ شاہنواز کے شہریوں کی زندگی بدبودار پانی کی وجہ سے اجیرن
بوریوالا (سٹی رپورٹر) محلہ احاطہ شاہنواز میں پانی کی سپلائی لائنوں میں سیوریج کے گندے پانی کی آمیزش کا انکشاف ہوا ہے ، جس کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی اور اذیت کا شکار ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق گھروں میں آنے والا پانی بدبودار اور آلودہ ہے ، جو کسی بھی استعمال کے قابل نہیں رہا۔اس آلودہ پانی سے نہ کپڑے دھوئے جا سکتے ہیں، نہ برتن صاف کیے جا سکتے ہیں اور نہ ہی نہانے ، وضو کرنے یا دیگر گھریلو استعمال کے لیے مناسب ہے ۔ اس کے استعمال سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے ، جس پر عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔متاثرہ مکینوں نے ضلعی و تحصیل انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا اور سی ای او بلدیہ سے اپیل کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے پانی کی سپلائی کو صاف اور محفوظ بنایا جائے ۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو یہ ایک بڑے صحت کے بحران کی صورت اختیار کر سکتا ہے ، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی۔