وہاڑی میں رمضان کے دوران جرائم میں نمایاں کمی
سرقہ بالجبر کے مقدمات میں 80فیصد کمی ،ڈکیتی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا
وہاڑی،بوریوالا (خبر نگار،سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال کے رمضان المبارک کے دوران جرائم کی روک تھام کے مؤثر اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق سال 2026 میں رمضان المبارک کے دوران جرائم میں گزشتہ سال 2025 کے مقابلے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق سرقہ بالجبر کے مقدمات میں 80 فیصد، نقب زنی میں 34 فیصد، وہیکل چوری میں 85 فیصد جبکہ اقدام قتل کے واقعات میں 80 فیصد کمی ہوئی۔ سال 2025 میں 128 سرقہ بالجبر کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے جو 2026 میں کم ہو کر صرف 26 رہ گئے ۔ اسی طرح نقب زنی 41 سے 27، وہیکل چوری 156 سے 24اور ڈکیتی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اور عیدالفطر کے دوران پرانی دشمنیوں کے خلاف انسدادی کارروائیوں سے اقدام قتل کے واقعات 10 سے کم ہو کر صفر رہ گئے ۔ چاند رات کے بازاروں میں بہترین سیکیورٹی کے باعث چھینا جھپٹی یا گاڑی چوری کی کوئی واردات پیش نہیں آئی۔ ڈی پی او تصور اقبال نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے ۔