عید کے بعد مسافروں کا رش بڑھ گیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) عید الفطر کے پرمسرت دنوں کے اختتام کے بعد پردیسی شہری اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد واپس اپنے شہروں کی طرف روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
اس سلسلے میں کوٹ ادو جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ذرائع کے مطابق بس مالکان نے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں سے مقررہ کرایوں سے زائد رقم وصول کی۔ تقریباً 80 فیصد مسافروں نے ایڈوانس بکنگ کر رکھی تھی، تاہم جو مسافر بکنگ نہ کرا سکے وہ ڈبل کرایہ ادا کرکے سیٹیں حاصل کرنے پر مجبور ہوئے ۔ دوسری طرف ریلوے ریزرویشن آفس میں ایڈوانس بکنگ کے سبب راولپنڈی سے چلنے والی مہر ایکسپریس اور تھل ایکسپریس کی برتھیں اور سیٹیں جلد ہی ختم ہو گئیں، جس سے کئی مسافر ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہ گئے ۔