خانیوال :پبلک ٹرانسپورٹ کی اوورچارجنگ پر کریک ڈاؤن
695گاڑیاں چیک، اوورچارجنگ کرنے والے پر جرمانے اور ٹرانسپورٹ سیل
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے ۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی قیادت میں ٹیموں نے ضلع بھر میں ناکہ بندی کرتے ہوئے 695 گاڑیاں چیک کیں، جن میں 65 گاڑیاں اوورچارجنگ میں ملوث پائی گئیں۔ان میں سے 40 گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور 25 گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی گئیں۔ اوور چارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر کل 2 لاکھ 5 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 150 مسافروں کو 91 ہزار 500 روپے زائد کرایہ واپس کروایا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عید تعطیلات کے دوران بھی چیکنگ کا عمل جاری رہے اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر صفائی، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منصفانہ سفر فراہم کیا جا سکے