ڈپٹی کمشنر کا ہسپتال کا دورہ ، مریضوں میں مٹھائی تقسیم
مریضوں کو بہترین طبی سہولیات ہر صورت فراہم کی جائیں : بلال سلیم کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمدیار ہنجراء، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فرخ محمود اور ایس ڈی ای او پیرا محمد اقبال لانگ بھی ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر اور ملک احمدیار ہنجراء نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ زیر علاج مریضوں میں عید الفطر کی خوشیوں کا پیغام دیتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی گئی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات ہر صورت فراہم کی جائیں اور عملہ عید کے دنوں میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے ۔ ملک احمدیار ہنجراء نے کہا کہ عید ہمیں محبت، بھائی چارے اور ضرورت مندوں کی خدمت کا پیغام دیتی ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مستحق، نادار اور بیمار افراد کے دکھ درد بانٹیں تاکہ حقیقی خوشیوں کا احساس حاصل ہو۔