چھ وارداتیں، ڈاکو لاکھوں کی نقدی ، موٹرسائیکلیں لوٹ کر فرار
متاثرین نے پولیس کو اطلاع دی لیکن مقدمات درج نہ ہوئے ،کارروائی کا مطالبہ
رحیم یارخان (نمائندہ خصوصی) شہر اور نواحی علاقوں میں چھ ڈکیتی کی وارداتیں پیش آئیں، جن میں مسلح ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے کی نقدی، موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔پہلی واردات ترنڈہ مدھوخان کے رہائشی اصغر کے ساتھ پیش آئی، جس کے موٹرسائیکل پر موجود 2 لاکھ 14 ہزار روپے مسلح ڈاکوؤں نے چھین لیے ۔ دوسری واردات میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی ولید جمیل کے ہاتھ سے ایک لاکھ روپے مالیت کا آئی فون چھین لیا گیا۔ تیسری واردات فتح پورکمال میں پیش آئی، جہاں تین ڈاکوؤں نے 14 سالہ بیٹے دانش کے پاس موجود 55 ہزار روپے اور اے ٹی ایم کارڈ چھین لیا۔چوتھی واردات نواں کوٹ میں افتخار احمد کے میڈیکل اسٹور پر پیش آئی، جس میں 1 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی، موبائل فون اور ضروری کاغذات چھین لیے گئے ۔ پانچویں اور چھٹی وارداتیں نظام والا کوٹلہ نواب اور ہارون آباد میں پیش آئیں، جہاں چار چار مسلح ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے مالیت کے نقدی اور موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے ۔متاثرین نے پولیس کو شکایت دی لیکن اب تک ان وارداتوں کے مقدمات درج نہیں کیے گئے ہیں جس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔