حضرت سید محمد شاہ کے عرس پر مذہبی کیساتھ ثقافتی سرگرمیاں
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)نواحی گاؤں 65 ڈبلیو بی میں روحانی پیشوا حضرت قبلہ سید محمد شاہ کے 56ویں عرس کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں، جہاں مذہبی سرگرمیوں کے ساتھ ثقافتی رنگ بھی نمایاں ہے ۔
عرس کے سلسلے میں پنجاب کے روایتی کھیل تھپڑوں والی کبڈی کا شاندار مقابلہ منعقد ہوا جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور مہارت اور جوش کا مظاہرہ کیا۔مقابلہ دیکھنے کے لیے دور دراز علاقوں سے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پسندیدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر داد دی اور نوٹ بھی نچھاور کیے ۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ایسے روایتی کھیل نہ صرف ثقافت کو زندہ رکھتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں۔ عرس کی تقریبات میں مذہبی و ثقافتی سرگرمیاں جاری ہیں جس سے علاقے میں خوشی اور عقیدت کا سماں ہے ۔