ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پرعزم ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پرعزم ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں ہیں، خطے میں کشیدگی کے فوری خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ سے ایران سمیت کئی مسلم ممالک میں جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے، ایران سمیت برادر مسلم ممالک میں معیشت اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی، ترکیہ اور مصر کے گراں قدر تعاون کو سراہتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر اعتماد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیے، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے ملاقاتیں کیں، انہوں نے معزز مہمانوں کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، اور کہا پاکستان ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں