ٹرانسپورٹرز کی اوورچارجنگ، 25فیصد زائد کرایہ وصولی
بعض اوقات ٹرانسپورٹرز مسافروں سے بدتمیزی بھی کرتے ہیں :شہری
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے مسافروں پر اضافی کرایوں کا بوجھ ڈالنا شروع کر دیا ہے ۔ مسافروں کے مطابق کرم پور، میلسی، بوریوالا، غازی آباد، لڈن، حاصل پور، چشتیاں، میتلا چوک، میاں چنوں اور خانیوال سمیت مختلف روٹس پر مقررہ کرایوں سے 25 فیصد تک زائد وصولی کی جا رہی ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ طویل روٹس کے کرائے حکومتی ہدایات کے مطابق مقرر اور مشتہر ہیں، تاہم نزدیکی شہروں کے سفر میں اوورچارجنگ عام ہو چکی ہے ۔ متاثرہ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض اوقات ٹرانسپورٹرز مسافروں سے بدتمیزی بھی کرتے ہیں اور زبردستی زائد کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔ شہریوں نے سیکرٹری آر ٹی اے اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔