پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
ناکہ بندی پر فائرنگ کے تبادلے میں ساتھیوں کی گولی سے زخمی ہوا
وہاڑی ،میلسی (خبرنگار ، نمائندہ خصوصی ،نامہ نگار ) ٹی چوک کے قریب پولیس ناکہ بندی کے دوران مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا جس میں 11 مقدمات میں مطلوب اشتہاری ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر میلسی کی ٹیم معمول کے مطابق ناکہ بندی پر موجود تھی کہ تین مشکوک افراد موٹر سائیکل پر آتے دکھائی دیے جنہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جانب سے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جبکہ دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زخمی ساتھی کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ زخمی ملزم کی شناخت جہانگیر کے نام سے ہوئی جو متعدد ڈکیتی مقدمات میں مطلوب تھا۔