میٹرک امتحانات کی سخت مانیٹرنگ، ڈپٹی کمشنر کے دورے
امتحانی مراکز کا معائنہ، نقل کی روک تھام اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت
لودھراں (سٹی رپورٹر ) تعلیمی بورڈ ملتان کے زیراہتمام میٹرک امتحانات کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے اور امتحانی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول گاگن ہٹہ اور گورنمنٹ بوائز کالج کے سنٹرز کا معائنہ کیا۔ اس دوران نگران عملہ کی حاضریاں، رول نمبر سلپس اور سیٹنگ پلان کو چیک کیا گیا جبکہ طلباء کے کوائف کی جانچ پڑتال اور نقل کی روک تھام کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز پر سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی عمل ہر صورت شفاف اور نقل سے پاک بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانی مراکز میں شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے اور طلباء کے لیے پرسکون ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ نگران عملہ کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی مسئلے سے فوری آگاہ کیا جائے ۔