اتائیت کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

اتائیت کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں ایس اوپیزا ورسروس ڈیلیور ی یقینی‘ سہولت ڈیسک فعال‘ادویات کا شفاف ڈسپلے کیا جائے ‘ کمشنر 68ہزار 956اتائیوں کے اڈے سیل ،ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 6ہزار 641مراکز سیل کیے گئے، بریفنگ

ملتان،لودھراں(وقائع نگار خصوصی، سٹی رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے زیر اہتمام کمشنر آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں ایس او پیز اور کم از کم سروس ڈیلیوری سٹینڈرڈز (MSDS) پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں ایس اوپیز،سروس ڈیلیور ی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نظام کی بہتری کیلئے رویوں میں تبدیلی ناگزیر ہے اور چھوٹی انتظامی خامیاں بھی مریضوں کیلئے بڑی مشکلات پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں سہولت ڈیسک فعال رکھے جائیں تاکہ مریضوں کو درست رہنمائی فراہم کی جا سکے ، ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو شفاف انداز میں ڈسپلے کیا جائے جبکہ شکایات کے اندراج کیلئے کمشنر، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے نمبرز نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں۔کمشنر نے اتائیت کے مکمل خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اتائیوں کی سرپرستی یا سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اتائی انسانی جانوں کیلئے سنگین خطرہ ہیں اور ان کے خلاف آپریشن میں مزاحمت کرنے والوں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی آگاہی کے ذریعے بھی اتائیت کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کی صدارت سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کی جبکہ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ریگولیٹری فریم ورک، انسپکشن اور لائسنسنگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس میں معیارِ علاج کو یقینی بنانے کیلئے مختلف کیٹیگریز کے تحت MSDS نافذ العمل ہیں جبکہ ان پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 2015 سے اب تک پنجاب بھر میں 68 ہزار 956 عطائیوں کے اڈے سیل کیے جا چکے ہیں جبکہ 30 ہزار سے زائد عطائیوں نے غیر قانونی پریکٹس ترک کی۔ ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 6 ہزار 641 عطائی مراکز سیل کیے گئے جن میں ضلع ملتان میں 2 ہزار 472، خانیوال میں 1 ہزار 796، وہاڑی میں 1 ہزار 554 اور لودھراں میں 819 شامل ہیں۔ سی ای او ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کہا کہ اتائیت کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے گا۔مزید برآں کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں کارات کو اچانک دورہ کیا، علاج معالجہ کی صورت حال کا جائزہ ، وارڈز معائنہ کیا،مریضوں سے معلومات لیں۔ استقبالیہ، ایمرجنسی میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی،صفائی معاملات دیکھے ، مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس عوامی خدمت کو یقینی بنائیں ،کوتاہی ناقابل قبول ہے ،انتظامیہ صحت سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کریگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں