ایس ٹی آئی ڈیٹا درستگی کا حکم، تضاد پر فوری اطلاع لازمی

ایس ٹی آئی ڈیٹا درستگی کا حکم، تضاد پر فوری اطلاع لازمی

دستی و آن لائن ریکارڈ میں فرق ناقابل قبول، افسروں کو سخت نگرانی کی ہدایت

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں سکول ٹیچر انفارمیشن سسٹم (ایس ٹی آئی) کے آن لائن ڈیٹا کی مکمل درستگی یقینی بنانے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ ہدایت کی گئی ہے کہ دستی اور آن لائن ریکارڈ میں کسی بھی تضاد کی فوری اطلاع متعلقہ افسروں کو دی جائے ۔جاری احکامات کے مطابق ہیڈ ماسٹرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اپنے اداروں میں اساتذہ اور عملے کا مکمل ریکارڈ درست انداز میں ایس ٹی آئی پورٹل پر درج کریں۔ اس میں نام، ولدیت، تاریخ پیدائش، تعلیمی اسناد، تقرری، تعیناتی اور تنخواہ کی تفصیلات شامل ہیں۔محکمہ کے مطابق دستی ریکارڈ بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور آن لائن ڈیٹا اسی کے مطابق ہونا چاہئے ۔ حالیہ آڈٹ میں کئی اضلاع میں دونوں ریکارڈز میں نمایاں فرق سامنے آیا جس سے اساتذہ کو تنخواہوں اور مراعات میں مسائل پیش آئے۔افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر ریکارڈ کی جانچ مکمل کریں اور کسی بھی تضاد کی رپورٹ متعلقہ ڈی ای او اور سی ای او کو ارسال کریں۔ ہر ضلع میں مانیٹرنگ سیل قائم ہوگا جو باقاعدگی سے سکولوں کا ڈیٹا چیک کرے گا۔محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ غلط ڈیٹا درج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ بروقت نشاندہی کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ تمام اضلاع کو 15 دن میں ڈیٹا کی درستگی کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں