غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی
طویل بندش سے پانی قلت، کاروبار اور طلبہ کی تعلیم متاثر، فوری ریلیف کا مطالبہ
خان گڑھ(سٹی رپورٹر) شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی جبکہ بڑھتے ہوئے شارٹ فال کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ تو کوئی شیڈول جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی متعلقہ ادارے اس بارے میں وضاحت کر رہے ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث گھروں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے کیونکہ واٹر سپلائی اور موٹرز کا انحصار بجلی پر ہے ۔دوسری جانب کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں اور چھوٹے دکاندار و دیہاڑی دار طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ۔ رات کے اوقات میں بھی بار بار لوڈشیڈنگ سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے جبکہ مچھروں کی بہتات کے باعث بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔تعلیمی حلقوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرک کے امتحانات جاری ہیں اور بجلی نہ ہونے سے طلبہ کی تیاری متاثر ہو رہی ہے ۔شہریوں نے حکومت اور واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کر کے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کیا جائے گا۔