لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کی تباہ حالی،گیٹ گرنے سے بچہ زخمی

 لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کی تباہ حالی،گیٹ گرنے سے بچہ زخمی

فوری مرمت ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ‘ اہل علاقہ کا شدید احتجاج

بورے والا(سٹی رپورٹر) شہری بدانتظامی کے باعث خستہ حال پارک کا بھاری آہنی گیٹ گرنے سے چار سالہ معصوم بچہ شدید زخمی ہو گیا جس پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔مرضی پورہ مدینہ کالونی گلی نمبر 1میں فلٹر پلانٹ کے قریب واقع لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک طویل عرصہ سے خستہ حالی کا شکار ہے ۔ پارک کی دیواریں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں جبکہ مقامی افراد نے وہاں جانور باندھ رکھے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق پارک نشیئوں اور جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن چکا ہے جہاں دن رات ڈیرے لگے رہتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کو تحریری درخواستیں دیں اور صوبائی محتسب کے پورٹل پر بھی شکایت درج کرائی مگر کوئی کارروائی نہ ہوئی۔اسی غفلت کے باعث پارک کا مرکزی آہنی گیٹ اچانک گر کر مقامی رہائشی ملک عرفان کے چار سالہ بیٹے موسیٰ احمد پر آ گرا جس سے اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور بازو فریکچر ہو گیا۔ بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے ۔اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری سے نوٹس لے کر پارک کی فوری مرمت اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں