انسداد پولیو مہم:مظفرگڑھ میں بھی بچوں کو قطرے پلانے کا آغاز

انسداد پولیو مہم:مظفرگڑھ میں بھی بچوں کو قطرے پلانے کا آغاز

ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں متحرک،ڈپٹی کمشنرعثمان طاہر جپہ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ضلع میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ مہم 16 اپریل تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی علاقے کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کیلئے صحت کے شعبہ میں بہتری لا رہی ہے اور پولیو کے خاتمے کیلئے یہ مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فیاض گوپانگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی جبکہ فیلڈ ٹیموں کی کڑی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ سو فیصد ہدف حاصل کیا جا سکے ۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ اس بیماری کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں