پولیو مہم کل سے شروع،10لاکھ بچے ہدف
4021 موبائل، فکسڈ اور آؤٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دے دیں ، 230 فکسڈ سائٹس اور 148 ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی بچوں کو قطرے پلانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے 4399 ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی ، 833 ایریا انچارجز نگرانی کریں گے ، 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز مہم کی مانیٹرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے ، ڈپٹی کمشنر
ملتان (لیڈی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 13 اپریل سے کیا جا رہا ہے ، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 10 لاکھ 15 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 4021 موبائل، فکسڈ اور آؤٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 230 فکسڈ سائٹس اور 148 ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی بچوں کو قطرے پلانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مزید برآں 4399 ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی اور 833 ایریا انچارجز ان کی نگرانی کریں گے جبکہ 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز مہم کی مانیٹرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بس سٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور ہسپتالوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے ۔