پاکستان نے سفارتی و معاشی میدان میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا
سول وعسکری قیادت کی پالیسیوں سے ملک عالمی سطح پر مضبوط ہوا ، عون حمید ڈوگر
مونڈکا (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 271 سردار عون حمید ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور عسکری قیادت نے پاکستان کو سفارتی اور معاشی میدان میں مضبوط بنا کر بھارت پر سبقت دلا دی ہے اور ڈیرہ غازیخان میں کیا گیا وعدہ پورا کر دکھایا ہے ۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بیرونی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا اور فوری طور پر ساڑھے تین ارب ڈالر کی ادائیگی کر کے معاشی خودمختاری کا عملی مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب عالمی سطح پر باوقار مقام حاصل کر چکا ہے جبکہ بھارت اس دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالم اسلام کا اعتماد حاصل ہو چکا ہے اور حرمین شریفین کے دفاع کے حوالے سے بھی اہم ذمہ داریاں نبھائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر ملک کی ترقی اور عزت کو برداشت نہیں کر پا رہے تاہم قوم متحد ہے ۔سردار عون حمید ڈوگر نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا جو سفارتی کامیابی کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں معاشی، دفاعی اور سفارتی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔