مافیا کے پٹھان والا تا اسماعیل ٹاؤن سڑک پر قبضے ، شہری پریشان
سیاسی اثر و رسوخ کے باعث کارروائی نہ ہو سکی، سڑک تنگ، حادثات میں اضافہ
لودھراں (سٹی رپورٹر)ریلوے پھاٹک بستی گھیر سے اسماعیل ٹاؤن براستہ عاقل والا جانے والی سڑک پر قبضہ مافیا نے کئی سال سے سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے جما رکھے ہیں جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ تقریباً 15 فٹ چوڑی سڑک کے دونوں جانب تجاوزات قائم ہیں جبکہ اصل سڑک کی چوڑائی تقریباً 100 فٹ بتائی جاتی ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق متعدد بار شکایات اور درخواستوں کے باوجود صرف کاغذی کارروائی کی گئی جبکہ بااثر افراد کے باعث قبضہ واگزار نہیں کرایا جا سکا۔ اس سڑک سے ملحقہ عاقل والا، محبت والا، صوفی نظر ٹاؤن، پٹھان والا اور اسماعیل ٹاؤن کے مکینوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور دو گاڑیوں کا بیک وقت گزرنا ممکن نہیں رہا۔شہریوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر حادثات پیش آ رہے ہیں جبکہ بلڈنگ میٹریل لے جانے والے ٹرک بھی گزر نہیں سکتے ۔ بعض رہائشیوں نے مبینہ طور پر سرکاری اراضی کو اپنے گھروں میں شامل کر رکھا ہے ۔اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر لودھراں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات ختم کرائی جائیں اور سڑک کو اصل حالت میں بحال کیا جائے تاکہ آمد و رفت میں آسانی پیدا ہو سکے ۔