انسداد پولیو مہم، سی ای او ہیلتھ کا فیلڈ دورہ ، فنگر مارکنگ کی چیکنگ
غفلت برداشت نہیں کی جائیگی‘ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی :فہد وحید
میلسی (نمائندہ دنیا ، نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی ہدایت پر انسداد پولیو مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے ضلعی افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔ اسی سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر فہد وحید نے یونین کونسل نمبر 27اور 28کا دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے ٹیموں کے پاس موجود ویکسین کے کولڈ چین سسٹم کا معائنہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ویکسین مقررہ درجہ حرارت میں محفوظ رکھی جا رہی ہے ۔ انہوں نے خانہ بدوش جھگیوں میں مائیکرو پلان کے تحت بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل، ریکارڈ کی درستگی اور فیلڈ سرگرمیوں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے موقع پر بچوں کو خود پولیو کے قطرے پلائے اور فنگر مارکنگ کے عمل کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی ہوگی۔