وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسیاں عوام دشمنی پر مبنی، نسیم لابر

وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسیاں عوام دشمنی پر مبنی، نسیم لابر

صوبے میں ہزاروں نوکریاں ختم کرنا تشویشناک اقدام ، میڈیا بیان

ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلز پارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر نے اپنے میڈیا بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے دعوے تو عوامی خدمت کے ہیں لیکن پالیسیاں عوام دشمن ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم میں 30 ہزار 391، محکمہ نہری نظام میں 1041 جبکہ محکمہ ہاؤسنگ اربن اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں 727 خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے ، جو تشویشناک اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک پالیسی نہیں بلکہ عوام کے مستقبل پر حملہ ہے ۔ ایسے حالات میں جب صوبے میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت پہلے ہی عروج پر ہے ، ہزاروں نوکریوں کا خاتمہ ترقی نہیں بلکہ ظلم کی بدترین مثال ہے ۔ اس فیصلے سے نہ صرف روزگار کے مواقع ختم ہوں گے بلکہ ہزاروں خاندانوں کے معاشی مسائل میں اضافہ ہوگا۔ملک نسیم لابر نے کہا کہ ایک فرد کی نوکری ختم ہونے سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے اور گھریلو نظام درہم برہم ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہی وہ ترقی ہے جس کے دعوے کئے جا رہے ہیں اور کیا یورپی طرز کی ترقی ایسے ہی حاصل کی جاتی ہے ؟انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ن لیگ کی حکومتوں نے اشرافیہ کو فائدہ پہنچایا جبکہ عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آج بھی اسی روش کو دہرایا جا رہا ہے اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں