پٹرول مہنگا،خانیوال میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں
آٹا، گھی، سبزیاں مہنگی، دکانداروں کی مزید اضافے کی پیشگوئی، شہری پریشان
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد خانیوال سمیت ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کریانہ فروشوں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے جس کے اثرات براہ راست روزمرہ استعمال کی اشیا پر پڑتے ہیں۔
مارکیٹ میں اس وقت 5 کلو آٹے کا تھیلا 770 سے 830 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ گھی اور آئل کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔دوسری جانب سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ، آڑو، پپیتا، خربوزہ، آلو، پیاز، ٹماٹر، لہسن، ادرک، بھنڈی، ٹینڈے اور کریلے مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے جینا مشکل بنا دیا ہے اور حکومت فوری اقدامات کر کے قیمتوں کو کنٹرول کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔